بینظیر ہنرمند پروگرام میں شمولیت کا مکمل طریقہ جانیے

بینظیر ہنرمند پروگرام میں شمولیت کا مکمل طریقہ جانیے

بینظیر ہنرمند پروگرام حکومت پاکستان کا ایک اہم اقدام ہے جس کا بنیادی مقصد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے مستحقین یا ان کے اہل خانہ کو ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ معاشی طور پر خود مختار ہو سکیں۔

اس  پروگرام کا مقصد نہ صرف انہیں تربیت دینا ہے بلکہ ایسے باصلاحیت افراد کو روزگار کے قابل بنانا ہے جو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔

اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو مفت تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت، ماہانہ وظیفہ، سرٹیفکیٹ، گریجویشن بونس اور مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

 تربیتی کورسز میں آئی ٹی، ہیلتھ ٹیکنیشن، ہوٹل مینجمنٹ، کنسٹرکشن ٹریڈز، بیوٹی سروسز، فیشن ڈیزائننگ اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف فنی شعبے شامل ہیں۔ ان کورسز کا دورانیہ 3 سے 6 ماہ تک ہوتا ہے، جس کے بعد امیدوار متعلقہ فیلڈ میں کام کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کیلئے اہم خبر

واضح رہے کہ اس پروگرام میں شمولیت صرف بی آئی ایس پی کے مستحقین یا ان کے اہل خانہ تک محدود ہے، عام شہری اس پروگرام میں رجسٹر نہیں ہو سکتے۔

بینظیر ہنرمند پروگرام کی شرائط اور طریقہ کار

پروگرام کی آفیشل ویب سائٹ پر درج شرائط کے مطابق ، پروگرام میں شمولیت کے لیے امیدوار کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈائنامک رجسٹری میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔

درخواست دہندگان کی کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی ہے اورعمر کی حد 18 سے 40 سال رکھی گئی ہے۔

پروگرام کی رجسٹریشن صرف پورٹل کے ذریعے ہوگی hunarmand.bisp.gov.pk ۔ درخواست جمع ہونے کے بعد مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے بعد ہی امیدوار کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

ایک گھرانے سے صرف ایک فرد کو رجسٹریشن کی اجازت ہوگی ، درخواست گزار بی ایچ پی پورٹل پر رجسٹریشن کر سکتے ہیں یا قریبی تحصیل آفس میں اصلی شناختی کارڈ اور فعال موبائل نمبر کے ساتھ جا کر اندراج کرسکتے ہیں۔

یہ پروگرام ملک کے مستحق خاندانوں کے لیے ہنر سیکھنے اور بہتر مستقبل بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

editor

Related Articles