جرمنی جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ملازمت، طالب علم اور طویل مدتی رہائشی ویزا کی تمام کیٹیگریز کو مکمل طور پر نئے کونسلر سروس پورٹل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن قونصل خانے کے مطابق اس جدید آن لائن نظام کو متعارف کروانے کا بنیادی مقصد ویزا کے عمل کو پہلے سے کہیں زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور شفاف بنانا ہے، تاکہ درخواست دہندگان کو ایک بہتر اور آسان تجربہ فراہم کیا جا سکے، اس نئے نظام سے نہ صرف ویزا کی اپائنٹمنٹ کے حصول میں سہولت ہوگی بلکہ ویزا کی دستیابی میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
ماضی میں درخواست گزاروں کو سب سے زیادہ جس مشکل کا سامنا کرنا پڑتا تھا وہ اپائنٹمنٹ کے لیے طویل انتظار اور بڑھتی ہوئی ویٹنگ لسٹس تھیں ، اکثر افراد مہینوں تک اپائنٹمنٹ کے انتظار میں رہتے تھے، جس سے ان کے تعلیم، روزگار یا سفر کے منصوبوں میں تاخیر پیدا ہوتی تھی تاہم، نئے پورٹل کے آغاز کے بعد اب درخواست دہندگان اپنے گھروں سے ہی براہِ راست آن لائن درخواستیں مکمل کر سکیں گے۔
اس طریقۂ کار سے نہ صرف عمل زیادہ شفاف ہوگا بلکہ پروسیسنگ کی رفتار میں بھی قابلِ ذکر بہتری آئے گی۔
جرمن قونصل خانے نے اعلان کیا ہے کہ پرانے نظام میں موجود تمام ویٹنگ لسٹس کو فوراً بند کر دیا گیا ہے اور جلد ہی انہیں مکمل طور پر حذف کر دیا جائے گا تاہم، ایسے افراد جن کے پاس پہلے سے جاری کردہ اپائنٹمنٹ موجود ہے، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسی شیڈول کے مطابق پرانے نظام کے تحت اپنی اپائنٹمنٹ مکمل کریں۔
قونصل خانہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ کوئی بھی درخواست گزار اپنی پہلے سے حاصل شدہ پیش رفت سے محروم نہ ہو۔
باقی تمام نئے درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی درخواستیں نئے Consular Services Portal کے ذریعے جمع کروائیں۔ آن لائن درخواست جمع کروانے کا باقاعدہ آغاز 12 دسمبر 2025 سے ہو رہا ہے:
طالب علمی ویزا کے لیے درخواست جمع کروانے کے لیے درخواست دہندگان https://digital.diplo.de/studium کا وزٹ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ملازمت، تربیت، جاب سیکر اور دیگر طویل مدتی ویزا کے لیے درخواستیں https://digital.diplo.de/visa-ewt پر جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
یہ نیا اقدام جرمنی میں تعلیم یا روزگار کے مواقع تلاش کرنے والے افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جو مستقبل میں ویزا کے عمل کو مزید ہموار اور آسان بنائے گا۔