چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مئی 2025 میں پاکستان نے معرکۂ حق کے دوران شاندار کامیابی حاصل کی، جس میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
ہفتہ کے روز نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل گیمز قومی اتحاد، یکجہتی اور وحدت کی علامت ہیں اور ان مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں سے ثابت کیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن کر ابھریں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو شکست دی اور معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق اس موقع پر پوری قوم نے افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کی پہلی قرارداد سندھ اسمبلی نے پیش کی تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور اتحاد میں کلیدی کردارادا کیا ہے۔
تقریب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سندھی ٹوپی، اجرک اور اعزازی ٹوپی پیش کی۔ بلاول بھٹو نے سندھ عوام کی جانب سے فیلڈ مارشل کا شکریہ بھی ادا کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ کھیلوں، سیاسی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔
اختتامی تقریب میں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد، کھلاڑیوں کی کارکردگی اور کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ منتظمین اور کھلاڑیوں کی کوششوں کو سراہا گیا۔