سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور تھری میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سامنے آ گیا ہے،جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز علی درانی واضح برتری کے ساتھ کامیاب ہو گئے ہیں۔ یہ نشست سابق صوبائی رہنما آغا سراج درانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر ضمنی انتخاب کرایا گیا۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق حلقے میں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا،پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
اس حلقے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 77 ہزار 792 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جب کہ 178 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ ان میں سے 70 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا، جہاں اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
تمام 178 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز علی درانی نے 73 ہزار 554 ووٹ حاصل کیے اور کامیابی اپنے نام کی۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار رشد اللہ شاہ 9 ہزار 412 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کے دوران مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رہی اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ ووٹرز کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا، جسے جمہوری عمل کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے جب کہ دیگر جماعتوں کی جانب سے نتائج پر ردعمل آنا ابھی باقی ہے۔