سڈنی بیچ فائرنگ واقعہ، حملہ آور باپ بیٹا نکلے، آسٹریلیا میں آج یوم سوگ کا اعلان

سڈنی بیچ فائرنگ واقعہ، حملہ آور باپ بیٹا نکلے، آسٹریلیا میں آج یوم سوگ کا اعلان

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور باپ بیٹا نکلے جس کے بعد پولیس نے مزید ملزمان کی تلاش کا عمل بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ساحل پر یہودیوں کی تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے دونوں حملہ آور باپ بیٹا تھے جن میں سے ایک ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا حملہ آور شدید زخمی حالت میں ہے ، ہلاک حملہ آور کی شناخت 50 سال کے ساجد اکرم جبکہ زخمی حملہ آور کی شناخت 24 سال کے نوید اکرام کے نام سے ہوئی۔

 یہ بھی پڑھیں : آسٹریلیا میں جان پر کھیل کر حملہ آور کو پکڑنے والا مسلمان شخص ہیرو بن گیا

پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کے پاس 10 سال سے اسلحے کا لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب کا رکن بھی تھا، ہلاک حملہ آور کے قبضے سے 6 ہتھیار بھی برآمد کر لیے گئے تاہم ان تمام ہتھیاروں کے درمیان فائرنگ واقعے میں استعمال ہونے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوع کے قریب سے دو فعال دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی ملے جنہیں محفوظ کر لیا گیا ہے، پولیس نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے حملے کے پیچھے محرکات تلاش کر رہے ہیں، فائرنگ میں ملوث باپ بیٹا کافی عرصے سے آسٹریلیا میں مقیم تھے تاہم دونوں افراد کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیلات فی الحال فراہم نہیں کی جا سکتیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکومت نے واقعے کے پیش نظر آج ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کر دیا، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

مزید پڑھیں: سڈنی میں حملہ آور کو روکنے والا شخص بہادر اور قابل احترام ہے، امریکی صدر

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں بونڈی بیچ پر ہونے والے  فائرنگ کے واقعے پر پاکستان، عرب ممالک سمیت ترکی، ایران اور افریقی یونین نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت اور آسٹریلیا سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *