گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے صارفین کی جیبوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق، ملک کی بڑی کمپنیوں اے برینڈ اور بی برینڈ نے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جس کا اطلاق گھی اور کوکنگ آئل دونوں پر ہوا ہے۔

اے برینڈ کے گھی اور تیل کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 550 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 590 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے،  اس کے علاوہ بی برینڈ نے بھی اپنی مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس کے تحت تیل کی قیمت 450 روپے سے بڑھا کر 500 روپے فی لیٹر، جبکہ گھی کی قیمت 450 روپے سے بڑھا کر 480 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔

دکانداروں کے مطابق یہ اضافہ گزشتہ 15 سے 20 دن کے دوران کیا گیا ہے اور اس کا اثر روزمرہ خریداری پر واضح طور پر محسوس کیا جا رہا ہے۔

کمپنیوں کا موقف ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ طلب اور رسد میں فرق ہے،  مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کی دستیابی کم ہو گئی ہے، جبکہ درآمدات میں کمی نے مزید قیمتوں میں اضافہ کا سبب بنایا ہے۔

مزید پڑھیں:مہنگائی کا طوفان ! سبزیوں اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

 ان کے مطابق صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب اور محدود رسد کے باعث مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہو گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق، عالمی سطح پر تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کا اثر مقامی مارکیٹ پر پڑا ہے،  صارفین کے لیے یہ قیمتوں کا بڑھنا تشویش کا باعث ہے، کیونکہ روزمرہ کی ضروریات کی اشیاء میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور گھریلو بجٹ پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔

اس سے قبل بھی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں کئی بار بڑھ چکی ہیں، اور صارفین اب اضافے کے سلسلے کو معمول کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ صارفین کی سہولت کے لیے مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر قیمتیں کمپنی کی جانب سے مقرر کی جاتی ہیں۔

editor

Related Articles