خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے8دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں جاری مختلف کارروائیوں کے دوران 2 افسران سمیت 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہنگو میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 8 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری رکھنے کا بتایا گیا ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔