نواز شریف سے ہونے والے ظلم کی قیمت قوم مدتوں ادا کرے گی، خواجہ آصف

نواز شریف سے ہونے والے ظلم کی قیمت قوم مدتوں ادا کرے گی، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور ناانصافی کی قیمت پاکستانی قوم طویل عرصے تک ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ملک میں ایسی حکومت لائی گئی جس نے وطن عزیز کے ساتھ سنگین کھلواڑ کیا اور ریاست کو برسوں تک غیر یقینی کیفیت میں مبتلا رکھا۔

یہ بھی پڑھیں:ترمیم پر دو ججز کا ضمیر جاگ گیا ،ہم سے انتقام لیا جاتا رہا تو کسی کی غیرت نہیں جاگی،خواجہ آصف

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے ملک دشمن یو ٹیوبرز کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس سازش کے ذمہ دار وہ تمام کردار ہیں جنہوں نے منصوبہ تیار کیا، اس پر عملدرآمد کروایا اور دانستہ طور پر ملک کے سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کو نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کے نتیجے میں پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا جس کے اثرات آج بھی قوم بھگت رہی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ایک بددیانت شخص کو قوم کی قسمت کا مالک بنا دیا گیا، جس نے پوری ایک نسل کو زہریلی اور انتشار پر مبنی سوچ دی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دور میں معاشرے میں نفرت، تقسیم اور بداعتمادی کو فروغ دیا گیا، جس کے نتائج آج قومی یکجہتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس سازش میں شامل تمام افراد قومی مجرم ہیں اور اگر ان میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات باقی ہے تو یا تو اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں یا قوم سے کھلے دل کے ساتھ معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ ایسے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرتی جو ذاتی مفادات کے لیے قومی مفاد کو قربان کر دیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے قائد نواز شریف کو ہر آزمائش میں سرخرو کیا۔ ان کے مطابق یہ ایک بھیانک سازش اور قومی ٹریجڈی تھی جس کے ذمہ دار افراد دنیا اور آخرت دونوں میں اس کی قیمت ادا کریں گے اور عبرت کا نشان بنیں گے۔

مزید پڑھیں:حالیہ دہشت گردی واقعات پر افغانستان میں کارروائی کرسکتے ہیں، خواجہ آصف

خواجہ آصف کے بیان کو موجودہ سیاسی حالات میں ایک سخت اور دوٹوک موقف قرار دیا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے ماضی کے فیصلوں اور کرداروں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے قوم کو درپیش مسائل کی جڑوں کی نشاندہی کی ہے۔

Related Articles