پاکستان کرکٹ بورڈ ‘پی سی بی’ نے پاکستان سپر لیگ ‘پی ایس ایل’ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی بھی نیلامی کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ لیگ کی دیگر دو فرنچائزز کی کامیاب اور تاریخی فروخت کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی دلچسپی نے پی سی بی کو اس اقدام پر آمادہ کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملتان سلطانز کی نیلامی کے لیے پی سی بی جلد باضابطہ اشتہار جاری کرے گا، جس میں نیلامی کے طریقہ کار، شرائط اور تاریخ سے متعلق تفصیلات شامل ہوں گی۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کو بھی اوپن آکشن کے ذریعے فروخت کیا جائے گا، بالکل اسی طریقہ کار کے تحت جو حالیہ دو فرنچائزز کی فروخت کے لیے اپنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ملتان سلطان کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ
پی سی بی کے مطابق ملتان سلطانز کے آکشن میں بھی تمام مقامی اور غیر ملکی بڈرز کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شفافیت اور مسابقتی عمل کو یقینی بنانے کے لیے وہی آکشن ماڈل اختیار کیا جائے گا جو دیگر فرنچائزز کی کامیاب نیلامی میں استعمال کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر نیلامی کا عمل منصوبہ بندی کے مطابق مکمل ہو گیا تو پی ایس ایل سیزن 11 میں ملتان سلطانز ایک نئے اونر کے ساتھ ایکشن میں نظر آئے گی، جس سے لیگ کی کمرشل ویلیو اور مسابقت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ ملتان سلطانز کو پی ایس ایل سیزن 11 کے لیے خود چلایا جائے گا، تاہم حالیہ نیلامیوں میں ریکارڈ بولیوں اور سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کے بعد بورڈ نے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں:پی ایس ایل میں بڑا جھٹکا، معاہدے کی خلاف ورزی پر ملتان سلطانز معطل
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی نیلامی پی ایس ایل کی مجموعی مالی حیثیت کو مزید مستحکم کرے گی اور لیگ کو عالمی سطح پر ایک مضبوط برانڈ کے طور پر پیش کرنے میں مدد دے گی۔

