پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے سوشل میڈیا سے اپنی حالیہ غیر حاضری کی وجہ بتاتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کردیا۔
صبا قمر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے بتایا کہ لاہور کے خراب ہوا کے معیار کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں کچھ دشواری کا سامنا ہے۔ اداکارہ نے ایک مداح کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے فالوورز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی محبت، فکر اور خیال رکھنے پر وہ دل سے شکر گزار ہیں۔
صبا قمر نے بتایا کہ انہیں دمے کا مسئلہ ہے، جس کی وجہ سے لاہور کی آلودہ ہوا ان کے لیے سانس لینے میں مشکلات پیدا کررہی ہے۔ تاہم اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ مجموعی طور پر خیریت سے ہیں اور کسی سنگین طبی مسئلے کا سامنا نہیں۔
انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ان سے جڑی رہیں گی اور جب بھی طبیعت کچھ بہتر محسوس ہوگی، سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کرتی رہیں گی۔ صبا قمر نے آخر میں مداحوں کا مسلسل محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے محبت کرتی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی سرگرمیوں میں کمی محسوس کی اور ان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔