سالگرہ کی تصاویر میں مایا علی کے ساتھ تصویر اور دونوں خاندانوں کے سوشل میڈیا کنکشن نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی
اداکار احد رضا میر اور اداکارہ مایا علی کی جوڑی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جہاں مداح دونوں اداکاروں کے درمیان حقیقی زندگی میں بھی تعلق ہونے کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
حال ہی میں احد رضا میر اور مایا علی ایک نجی ٹی وی ڈرامے میں ایک ساتھ نظر آئے، جہاں ناظرین نے ان کی جوڑی اور باہمی کیمسٹری کو خاصا پسند کیا۔ ڈرامے کی ہدایت کاری پر کچھ تنقید کے باوجود دونوں اداکاروں کی اسکرین پر موجودگی نے مداحوں کی توجہ حاصل کی۔ بعض صارفین کو ماضی میں احد رضا میر کی جانب سے مایا علی کو پسند کیے جانے کی باتیں بھی یاد آگئیں۔
اب احد رضا میر کی حالیہ سالگرہ کی تصاویر نے ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کو نئی بحث کا موقع فراہم کردیا۔ اداکار نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سالگرہ منائی اور تقریب کے دوران اپنی زندگی کی مختلف یادگار تصاویر ایک دیوار پر سجائیں۔ ان تصاویر میں مایا علی کے ساتھ ڈرامے کے سیٹ پر بنائی گئی ایک تصویر بھی شامل تھی۔
مداحوں نے جب اس تصویر کو غور سے دیکھا تو معلوم ہوا کہ یہ وہی تصویر ہے جسے مایا علی نے ڈرامے کے اختتام پر احد رضا میر کے ساتھ الوداعی پوسٹ کے طور پر شیئر کیا تھا۔ معاملہ اس وقت مزید دلچسپ ہوگیا جب سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ احد رضا میر کی والدہ اور مایا علی ایک دوسرے کو فالو کر رہی ہیں۔
اس کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آنے لگے اور بعض صارفین نے دونوں اداکاروں کے درمیان ممکنہ تعلق کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع کردیں۔
تاہم احد رضا میر یا مایا علی کی جانب سے دونوں کے حقیقی زندگی میں کپل ہونے کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی، اس لیے فی الحال یہ معاملہ صرف سوشل میڈیا صارفین کی قیاس آرائیوں تک محدود ہے۔