پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز نے میگس 2026-1 (معارف انٹرنس امتحان) کے باضابطہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ایک ملک گیر، میرٹ پر مبنی داخلہ اور اسکالرشپس پروگرام ہے جس کا مقصد پاکستان بھر سے باصلاحیت اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق میگس ایک مسابقتی داخلہ امتحان ہے جس کے ذریعے مستحق طلبہ کو تعلیمی اسکالرشپس، مالی معاونت، فیس میں رعایت اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم تک رسائی دی جاتی ہے۔
اس پروگرام کے تحت کامیاب امیدوار پاک ترک معارف کے مختلف کیمپسز میں داخلہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جبکہ انہیں اسکالرشپس اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی،ایک اہم پیشرفت کے طور پر پہلی مرتبہ آزاد جموں و کشمیر میں بھی میگس کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے، جسے خطے کے طلبہ کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس ضمن میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل نے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی توسیع کے تحت مظفرآباد میں پہلا باقاعدہ کیمپس قائم کر دیا ہے، جس سے علاقے کے طلبہ کو جدید، معیاری اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم میسر آئے گی۔
کون سے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں؟
میگس 2026-1 کے لیے جماعت چہارم، پنجم، ششم، ہفتم، ہشتم اور نہم کے علاوہ آئی جی سی ایس ای۔1 میں داخلے کے خواہشمند طلبہ درخواست دے سکتے ہیں پروگرام کے نمایاں فوائد میں میرٹ پر مبنی اسکالرشپس، ٹیوشن فیس میں رعایت، مالی معاونت اور کم داخلہ فیس شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو عالمی معیار کے تعلیمی نظام سے روشناس کرایا جائے گا، جس میں ترکی زبان سیکھنے کے مواقع بھی شامل ہیں۔
میگس گزشتہ برسوں میں ملکی سطح پر نمایاں شناخت حاصل کر چکا ہے اور اب تک 25 ہزار سے زائد طلبہ اس امتحان میں شرکت کر چکے ہیں، جو والدین اور طلبہ کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
ہر سال پانچ ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت کے باعث میگس کو پاکستان کے نمایاں تعلیمی اسکالرشپس پروگرامز میں شمار کیا جاتا ہے، جو تعلیمی برتری، قیادت اور مساوی تعلیمی مواقع کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
میگس 2026-1 کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ داخلہ امتحان 15 فروری 2026 کو منعقد ہوگا۔ نتائج کا اعلان 26 فروری 2026 کو کیا جائے گا، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے اگلے مرحلے کے لیے طلب کیا جائے گا۔
یہ امتحان پاکستان کے 10 بڑے شہروں میں منعقد کیا جائے گا تاکہ تمام طلبہ کو جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ پاک ترک معارف کی جانب سے طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں اور روشن تعلیمی مستقبل کی جانب قدم بڑھائیں۔