پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کردی ہے، پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی(پی اے اے) نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی طیاروں پر پابندی کو 24 فروری کی صبح 5 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ فضائی حدود کی بندش کا اطلاق بھارتی ائیرلائنز کے زیرِ ملکیت، آپریٹ یا لیز پر لیے گئے طیاروں اور فوجی پروازوں پر بھی ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 24 اپریل 2025 سے بھارتی طیاروں کے لئے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہے جس کے باعث اب تک بھارتی ایئرلائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
رپورٹ کیمطابق بھارتی ائیرلائنز کو صرف ایندھن کی مد میں لگ بھگ 500 کروڑ روپے کا جھٹکا لگا ہے جبکہ اسٹاپ اوور کے 30 دن کے اخراجات 3 ارب روپے لگائے گئے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کے باوجود پابندی میں 8 بار توسیع کا نوٹم جاری ہوچکا ہے جبکہ فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا بھی رہا ہے ، یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر اٹھایا گیا تھا اور اس کا اطلاق تمام کمرشل اور نجی بھارتی پروازوں پر ہوگا۔
یاد رہے کہ 23 اپریل کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
24 اپریل کو پاکستان نے بھارت کیلئے، سرحدی آمد ورفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا، جبکہ بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔