صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک وکیل کی جانب سے بسنت منانے کے لیے سیشن کورٹ کی چھت فراہم کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کر دی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ سیشن کورٹ کی چھت پر بسنت منانے کی اجازت دی جائے، تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ درخواست منظور نہ ہو سکی۔
لاہور کی سیشن کورٹ کے سیشن جج طارق خورشید خواجہ نے اس حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں واضح کیا گیا کہ عدالتی احاطہ ایک ہائی سیکیورٹی زون ہے اور ایسے کسی بھی ایونٹ کی اجازت دینا سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی چھت عوامی اجتماعات یا تفریحی سرگرمیوں کے لیے تعمیر نہیں کی گئی۔ فیصلے کے مطابق ججوں، عدالتی عملے، وکلاء اور سائلین کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اس لیے عدالتی حدود میں اس نوعیت کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
عدالت نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احاطے میں غیر ضروری اجتماعات سیکیورٹی خدشات کو جنم دے سکتے ہیں، جس کے پیش نظر وکیل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سیشن کورٹ کی چھت پر بسنت منانے کی اجازت نہیں دی گئی۔