پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں، عزم اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک ولولہ انگیز اور شاندار ملی نغمہ جاری کر دیا ہے۔ نغمہ وطنِ عزیز کے دفاع اور عوام کی خدمت میں مصروف افواجِ پاکستان کے جذبے، حوصلے اور استقامت کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
نغمے میں دکھایا گیا ہے کہ افواجِ پاکستان شدید موسمی حالات، برف باری، طوفانی موسم اور جان لیوا سردی کے باوجود ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی مدد میں ہمہ وقت مصروف عمل رہتی ہیں۔ اس عزم و استقلال کے مناظر اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ پاک فوج کسی بھی چیلنج یا مشکل سے پیچھے ہٹنے کے بجائے اسے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے قبول کرتی ہے۔
ملی نغمے کے مندرجات میں قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران افواجِ پاکستان کے کردار کو خصوصی طور پر نمایاں کیا گیا ہے، جہاں فوج نہ صرف دفاعی محاذ پر بلکہ انسانی خدمت کے میدان میں بھی صفِ اول میں نظر آتی ہے۔ یہ پیغام واضح کیا گیا ہے کہ قوم ہر آزمائش میں پاک فوج کو اپنا مضبوط محافظ اور قابلِ اعتماد سہارا سمجھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افواج پاکستان قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
نغمے کے پُراثر بول اور دل کو چھو لینے والی دھن نے سننے والوں پر گہرا اثر چھوڑا ہے، جبکہ آواز کی گونج نے حب الوطنی کے جذبات کو مزید تقویت دی ہے۔ نغمہ اس امر کا مظہر ہے کہ پوری قوم افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت، غیر متزلزل اعتماد اور فخر کا رشتہ رکھتی ہے۔
شوبز اور عوامی حلقوں میں نغمے کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ نغمہ نہ صرف حب الوطنی کے جذبات کو تازہ کرتا ہے بلکہ قومی یکجہتی اور اتحاد کا پیغام بھی عام کرتا ہے۔

