بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث پاک فوج نے بروقت اور مؤثر ریسکیو و امدادی آپریشن شروع کر رکھا ہے،شدید سردی، برفانی طوفان اور دشوار گزار راستوں کے باوجود پاک فوج کے جوان اور ریسکیو ٹیمیں عوام کی مدد کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے ہوسری، زیارت، بولان، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خوجک ٹاپ، لک پاس، دکی، کولپور اور مسلم باغ سمیت مختلف متاثرہ علاقوں میں کنٹرول سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔
ان علاقوں میں شدید برفباری کے باعث زمینی راستے بند ہو گئے تھے جس کے نتیجے میں مقامی افراد اور سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے تھے۔
پاک فوج کے جوانوں اور ریسکیو ٹیموں نے برفباری میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا، ریسکیو کیے گئے مقامی شہریوں اور سیاحوں کو خوراک، طبی امداد، گرم کپڑے اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شدید سرد موسم میں انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب ضلع کرم میں بھی شدید بارشوں اور غیر معمولی برفباری کے باعث سیکیورٹی فورسز کی امدادی اور ریسکیو سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
پاک فوج نے مقامی آبادی کی فوری مدد اور زمینی رابطوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن شروع کیا، بھاری مشینری اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے متاثرہ سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی جس کے بعد تمام اہم شاہراہوں کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔
اہم زمینی رابطوں کی بحالی کے نتیجے میں علاقے میں اشیائے ضروریات کی ترسیل ممکن ہو سکی جبکہ بروقت امدادی اقدامات سے مقامی افراد کو منڈیوں اور مراکزِ صحت تک دوبارہ رسائی حاصل ہو گئی،پاک فوج کے جوانوں نے شاہراہوں پر پھنسے ہوئے مسافروں کی گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات تک منتقل کیا جس سے عوام کو شدید مشکلات سے نجات ملی۔
وادی تیراہ سمیت دیگر دشوار گزار علاقوں میں بھی پاک فوج کے افسران اور جوان شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باوجود جان کی پرواہ کیے بغیر امدادی سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں ، پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائیوں پر مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔پاک فوج قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور فوری امداد کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے اور ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔