بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف صبح سے جاری آپریشن کے دوران مزید 67 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ دو دنوں میں پنجگور اور شعبان کے علاقوں میں 41 دہشتگرد مارے جا چکے تھے، جس کے بعد صوبے میں ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 108 تک پہنچ گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف ان کارروائیوں کے دوران 10 بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں لڑتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد عناصر کے خلاف مزید تعاقبی آپریشنز جاری ہیں، جبکہ مزید ہلاکتوں اور نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب گوادر میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے بلوچ مزدور خاندانوں پر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 معصوم شہریوں کو شہید کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں 5 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، جن کا تعلق بلوچستان سے تھا اور وہ محنت مزدوری کے لیے گوادر آئے ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں ملوث تمام دہشتگردوں کو سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران جہنم واصل کر دیا ہے۔ ان واقعات کے بعد گوادر کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرد و نواح کے علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کے خلاف مزید آپریشنز جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق غریب مزدوروں پر یہ حملہ اس امر کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ فتنہ الہندوستان بھارتی ایماء پر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف سرگرم ہے۔