مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر،آٹے کی قیمت میں کمی کا امکان

مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر،آٹے کی قیمت میں کمی کا امکان

مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، کراچی پورٹ ٹرسٹ پر 51 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر بحری جہاز ایم وی گوکووا ایم پہنچ گیا، جبکہ 59 ہزار 132 میٹرک ٹن گندم سے لدا دوسرا جہاز 3 نومبر کو پہنچے گا۔

بحری جہاز ایم وی گوکووا ایم آج دوپہر 12 بج کر 25 منٹ پر کراچی پورٹ پہنچا اور برتھ نمبر 16 اور 17 پر لنگرانداز ہوا۔

دوسری جانب، بحری جہاز ایم وی گریٹ رینبو 59 ہزار 132 میٹرک ٹن گندم لے کر 3 نومبر کو پہنچے گا۔ دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم موجود ہے۔

دوسری جانب لاہور شہر میں مہنگائی کا راج بدستور برقرار ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر کے بازاروں اور مارکیٹوں میں آٹا، گھی، تیل، دالیں، چاول، سبزیاں، پھل اور دودھ سمیت تمام بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کا روزمرہ کا گزر بسر کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق لاہور کے  بازاروں میں دال ماش کی قیمت بڑھ کر 440 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ دال چنا بھی مہنگے داموں یعنی تقریباً 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے ، اسی طرح  شہر میں درجہ اول کا گھی اور کوکنگ آئل 615 روپے جبکہ درجہ دوم کا گھی اور کوکنگ آئل 550 روپے فی لیٹر تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے عام صارف کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔

 سرکاری نرخناموں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دودھ مقررہ قیمت (170 روپے) کے برعکس کھلے عام 210 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ دہی کی قیمت بھی 230 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں 17 روپے کی فروخت ہونے والی روٹی 3 روپے اضافے کے بعد 20 روپے میں بیچی جارہی ہے ،  شہریوں کا کہنا ہے کہ روٹی 3 روپے مہنگی ہونے کے ساتھ اس کے آٹے کے پیڑے کا وزن بھی کم کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے تندور مالکان کا کہنا ہے کہ آٹے کے ساتھ میدے کی بوری بھی مہنگی ہوگئی ہے اور  آٹا ہر ہفتے مہنگا ہو رہا ہے، اس پر ہم کیا کرسکتے ہیں۔

Related Articles