پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ قومی ٹیم بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی کئی وجوہات ہیں جو قومی مفاد اور عالمی کرکٹ میں انصاف کے تحفظ سے متعلق ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کے مبینہ جانبدارانہ فیصلے کے پیش نظر کیا۔ حکومت پاکستان اس معاملے میں بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہتی تھی۔
حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر بعض ممالک کے لیے الگ اور بعض کے لیے الگ معیار اپنایا جاتا ہے، جس کی بنیاد پر انصاف اور برابری کے اصول متاثر ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے احتجاج رجسٹرڈ کروانے کے لیے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں دیگر میچز میں شرکت کرے گا، تاہم بھارت کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لے گا۔ پاکستان اور بھارت کا میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول تھا جو اب حکومت کے اعلان کے مطابق نہیں ہوگا۔ یہ اقدام قومی مفاد، انصاف اور عالمی کرکٹ میں یکساں اصولوں کے نفاذ کے لیے کیا گیا ہے تاکہ پاکستان کی شفاف اور غیر جانبدارانہ پوزیشن برقرار رہے۔