حکومت کا سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ

حکومت کا سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ

حکومت نے سرکاری ملازمین کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی کڑی نگرانی شروع کرتے ہوئے سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کرلیا ہے، نئے قواعد کے تحت سرکاری افسران کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی نگرانی اور ضابطہ کار کے دائرے میں شامل ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت مخالف سرگرمیوں یا بیانیے کی تشہیر میں ملوث سرکاری ملازمین کی نگرانی کی جائے گی، گمنام یا فرضی اکاؤنٹس کے ذریعے حکومت یا سرکاری اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش پر بھی کارروائی کی جاسکے گی۔

سرکاری کام کی تشہیر ممنوع

نئے قواعد کے تحت سرکاری افسران اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو سرکاری کام یا سرگرمیوں کی تشہیر کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے، اسی طرح سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ذاتی تشہیر، برانڈنگ یا نمائش کے لیے استعمال کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

حکومت کسی بھی سرکاری افسر سے اس کے سرکاری یا نجی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرسکے گی،سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی پیشگی تحریری اجازت کے بعد ہی بنائے اور چلائے جاسکیں گے۔

صرف مصدقہ معلومات نشر ہوں گی

سرکاری اکاؤنٹس پر صرف تصدیق شدہ سرکاری معلومات اور سرکاری سرگرمیوں سے متعلق مواد نشر کرنے کی اجازت ہوگی، کسی افسر کے عہدہ چھوڑنے کی صورت میں سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا مکمل کنٹرول بھی متعلقہ جانشین کے حوالے کرنا ہوگا۔

لاگ اِن اور ڈیٹا منتقل کرنا ہوگا

عہدہ چھوڑنے والا افسر تمام لاگ اِن تفصیلات، آرکائیو ڈیٹا اور انتظامی رسائی اپنے جانشین کو منتقل کرنے کا پابند ہوگا، تاکہ سرکاری اکاؤنٹس کا انتظام مسلسل جاری رکھا جاسکے۔

حکومتی مؤقف کے خلاف بیان ممنوع

نئے قواعد کے تحت حکومتی پالیسی یا سرکاری مؤقف کے خلاف رائے یا معلومات نشر کرنے پر پابندی عائد ہوگی، قواعد کا اطلاق ٹی وی، ریڈیو، پوڈ کاسٹ، بلاگ، ویڈیوز، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا سمیت مختلف ابلاغی پلیٹ فارمز پر ہوگا۔

خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائی

سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی، حکومت نے متعلقہ اداروں کو نئے قواعد پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

editor

Related Articles