گرین انڈسٹریل اکنامک زون کی منظوری، وزیراعلیٰ پنجاب نے سرمایہ کاروں کو بڑا تحفہ دیدیا

گرین انڈسٹریل اکنامک زون کی منظوری، وزیراعلیٰ پنجاب  نے سرمایہ کاروں کو بڑا تحفہ دیدیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبے میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کو اصولی منظوری دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس پر عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کر لیا۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے وفد کی ملاقات کے دوران سامنے آیا ہے ،  ملاقات میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں عالمی معیار کا گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد صاف توانائی، صنعتی ترقی، برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر کا منصوبہ

بریفنگ کے مطابق مجوزہ گرین اکنامک زون میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری اسٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز پر مشتمل جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جس سے صنعتوں کو ماحول دوست اور پائیدار توانائی میسر آئے گی۔

روزگار، آمدن اور جی ڈی پی میں اضافے کی توقع

منصوبے کے تحت 18 ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ سالانہ 5.6 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے ، ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات کے ذریعے قومی جی ڈی پی میں تقریباً 1.5 فیصد تک اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سانحہ کاہنہ کے بعد مریم نواز کا بڑا اقدام ، اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

اس منصوبے سے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی آئے گی، جو پاکستان کے نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

پنجاب سرمایہ کاری کے لیے مکمل تیار ہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی،  صوبے میں نئی صنعتوں اور کاروبار کے آغاز کے لیے زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا مؤثر نظام بھی قائم ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں انتظامی اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک، محفوظ اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں :اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں درخواست دینے والوں کیلئے بڑی خبر

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا وژن پنجاب کو جدید گرین انڈسٹری، صاف توانائی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

editor

Related Articles