ویزا پراسیسنگ، کینیڈا جانے کے خواہشمند پاکستانی درخواست گزاروں کے لیے اہم خبر

ویزا پراسیسنگ، کینیڈا جانے کے خواہشمند پاکستانی درخواست گزاروں کے لیے اہم خبر

اگر آپ کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے، ملازمت کرنے یا اہل خانہ سے ملنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے نہایت اہم ہے۔

کینیڈین امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (IRCC) نے پاکستان سے جمع کرائی جانے والی مختلف ویزا درخواستوں کی متوقع پراسیسنگ مدت میں باقاعدہ اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی درخواست گزاروں کو اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ انتظار کرنا پڑے گا۔

اسٹڈی پرمٹ اور ورک پرمٹ کی نئی پراسیسنگ مدت

IRCC کی تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان سے جمع کرائی جانے والی اسٹڈی پرمٹ کی درخواستوں کی متوقع پراسیسنگ مدت 6 ہفتوں سے بڑھا کر 7 ہفتے کر دی گئی ہے، جبکہ ورک پرمٹ کے لیے انتظار کا وقت 10 ہفتوں سے بڑھ کر 11 ہفتے ہو گیا ہے۔

وزیٹر ویزا اور سپر ویزا کی مدت میں بھی اضافہ

عام وزیٹر ویزا کی پراسیسنگ مدت 40 دن سے بڑھ کر 43 دن ہو گئی ہے، جبکہ والدین و دادا دادی کے لیے مخصوص سپر ویزا کی مدت 194 دن سے بڑھ کر 196 دن تک پہنچ گئی ہے،  یہ اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ فیملی ری یونیفیکیشن کے خواہشمند درخواست گزاروں کو بھی طویل انتظار کا سامنا رہے گا۔

پراسیسنگ ٹائم کا شمار کب سے شروع ہوتا ہے؟

امیگریشن حکام نے واضح کیا ہے کہ ویب سائٹ پر ظاہر کیے گئے پراسیسنگ اوقات صرف تخمینی مدت ہوتی ہے ، ان کا شمار اس دن سے شروع ہوتا ہے جب کینیڈین حکام کو درخواست گزار کا مکمل فارم اور بائیومیٹرکس (فنگر پرنٹس اور تصاویر) موصول ہو جاتے ہیں۔ چونکہ پاکستان میں VFS سینٹرز پر بائیومیٹرکس کی اپائنٹمنٹ حاصل کرنے میں بھی کچھ دن لگتے ہیں، اس لیے درخواست کا کل وقت اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔

تاخیر کی اصل وجہ کیا ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تاخیر کینیڈین امیگریشن نظام پر عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے دباؤ کا نتیجہ ہے،  دنیا بھر سے لاکھوں افراد کی آمد اور درخواستوں کے شدید بیک لاگ کی وجہ سے امیگریشن دفاتر پر کام کا بوجھ بڑھ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، دبئی نے ویزا پالیسی میں بڑی نرمی کردی

اس کے علاوہ ہر سال ستمبر کے تعلیمی سیشن سے قبل اسٹڈی پرمٹس اور گرمیوں کی تعطیلات کے دوران وزٹ اور ورک ویزوں کی درخواستوں کا غیر معمولی سیلاب آتا ہے، جو اس تاخیر کا بنیادی سبب بنتا ہے۔

پاکستان کے علاوہ کن ممالک کو بھی تاخیر کا سامنا ہے؟

تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے ساتھ ساتھ نائیجیریا سے موصول ہونے والی درخواستوں کی پراسیسنگ مدت میں بھی ایک ہفتے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کینیڈا کے اندر سے اور فلپائن سے جمع کرائی جانے والی درخواستوں کی پراسیسنگ میں بہتری دیکھی گئی۔

اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر بیک لاگ کا نتیجہ ہے۔

اب تک لاکھوں درخواستیں زیرِ التوا

IRCC کے مطابق ادارے نے سال 2026 کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران 12 لاکھ سے زائد عارضی رہائشی درخواستیں نمٹائی ہیں، تاہم اس کے باوجود 31 مئی تک 4 لاکھ 4 ہزار سے زائد درخواستیں تاحال زیرِ التوا ہیں، جو نظام پر موجود دباؤ کی نشاندہی کرتی ہیں۔

درخواست گزارکیا کریں ؟

کینیڈا ویزا کے لیے درخواست جمع کراتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام دستاویزات مکمل اور درست ہوں تاکہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے ،  بائیومیٹرکس اپائنٹمنٹ بھی جلد از جلد بک کروائیں کیونکہ VFS سینٹرز پر وقت ملنے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

اگر آپ تعلیمی ویزا کے لیے درخواست دے رہے ہیں تو بہتر ہے کہ سیشن شروع ہونے سے کم از کم 3 سے 4 ماہ پہلے اپنی درخواست جمع کرا دیں۔

یہ بھی پڑھیں: روس کا چین، سعودی اور ملائشیا کے شہریوں کیلئے فری ویزا سہولت کا اعلان

اس کے علاوہ، ہمیشہ رجسٹرڈ اور مستند امیگریشن کنسلٹنٹس یا ایجنسیوں سے ہی رہنمائی حاصل کریں، اور یاد رکھیں کہ IRCC کی ویب سائٹ پر درج پراسیسنگ ٹائم صرف ایک تخمینہ ہوتا ہے، اس لیے اسے حتمی مدت نہ سمجھیں۔

اگلی اپڈیٹ کب متوقع ہے؟

پراسیسنگ ٹائمز میں ہفتہ وار تبدیلی کی جاتی ہے، جبکہ مستقل رہائش اور شہریت کی درخواستوں کے اعداد و شمار ماہانہ بنیاد پر اپڈیٹ ہوتے ہیں،  اگلی عارضی رہائشی پراسیسنگ اپ ڈیٹ کی توقع اگست کے پہلے ہفتے میں کی جا رہی ہے، جس سے مزید واضح ہوگا کہ یہ رجحان برقرار رہتا ہے یا بہتری آتی ہے۔

editor

Related Articles