پاکستان کی مقامی ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہو کر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹہ رہ جائے گا۔
ایئرلائن کے مطابق علامہ اقبال ڈے کے موقع پر 9 نومبر سے اس روٹ پر پروازوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ساؤتھ ایئر ہفتے میں چار پروازیں چلائے گی، جبکہ افتتاحی پرواز کی روانگی کا وقت دوپہر ایک بج کر 10 منٹ مقرر کیا گیا تھا۔
نئی فضائی سروس کے آغاز سے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو براہِ راست فضائی رابطے کی سہولت میسر آئے گی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان آمدورفت میں لگنے والا وقت بھی نمایاں طور پر کم ہوگا۔
واضح رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس سے قبل 9 نومبر سے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس فضائی رابطے کی بحالی سے بالخصوص پشاور کے شہریوں کو سفر کی بہتر سہولت میسر آئے گی اور طویل زمینی سفر کا دورانیہ کم ہو کر 50 منٹ سے ایک گھنٹے تک رہ جائے گا۔
محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس حوالے سے ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ پشاور سے کوئٹہ کے لیے فضائی سروس کے بعد اب لاہور اور پشاور کے درمیان بھی فضائی رابطہ بحال کیا جا رہا ہے۔
ساؤتھ ایئر پاکستان کی مقامی ایئرلائن ہے، جس نے ملک کے بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے اضلاع کو بھی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے مختلف روٹس متعارف کرائے ہیں۔
ایئرلائن کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب روٹ میپ کے مطابق ساؤتھ ایئر اسلام آباد سے سکھر، بہاولپور اور رحیم یار خان جبکہ کراچی سے بہاولپور، پنجگور، سکھر، تربت، رحیم یار خان اور گوادر کے لیے بھی پروازیں چلا رہی ہے۔
اس کے علاوہ سکھر سے کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ جبکہ بہاولپور سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے لیے بھی فضائی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔