سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے تحفظات دور کرنے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ لاہور میں اپنے انتخابی حلقے میں عوام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہدایت دی تھی کہ ان کے حلقے میں ترقیاتی کاموں کے دوران کوئی گلی کچی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے قابل تعریف ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے قومی اسمبلی کے حلقہ نمبر ایک سو بیس کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے زیادہ فنڈز فراہم کیے ہیں تاکہ شہری بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام شہری کی فلاح، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گلیوں کی پختگی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور صفائی ستھرائی کے جدید انتظامات پر کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے مسلح افواج ہر وقت تیار ہیں اور اگر کسی نے ملک کی طرف میلی نگاہ سے دیکھا تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں پر حملے کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور انتہاپسند عناصر کو شکست دی جائے گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان آج دنیا کے بیشتر ممالک کے ساتھ بہتر سفارتی تعلقات قائم کر چکا ہے تاہم افغانستان سے بار بار درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو ملک کے دفاع کے لیے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے لیے باہمی تعاون اور سفارتی مذاکرات کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔