لاہور قلندرز نے سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن سے قبل اپنی اسکواڈ کو مزید مضبوط بناتے ہوئے اہم جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر رُوبن ہیرمن کو براہِ راست سائن کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرنچائز نے اس شمولیت کا اعلان اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کرتے ہوئے پرجوش انداز میں بتایا کہ گلووز ہاتھ میں اور بیٹ تیار، رُوبن ہیرمن اب قلندرز کا حصہ ہیں۔
29 سالہ رُوبن ہیرمن بین الاقوامی سطح پر جنوبی افریقا کی نمائندگی کر چکے ہیں ، وہ سات ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کا حصہ رہے، جہاں انہوں نے 153 رنز اسکور کیے، جن میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے ، محدود مواقع کے باوجود انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا واضح ثبوت دیا۔
ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں بھی ہیرمن کا ریکارڈ متاثر کن ہے، اب تک کھیلے گئے 65 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں وہ مجموعی طور پر 1,497 رنز بنا چکے ہیں، جس میں ایک سنچری اور آٹھ نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کی جارحانہ بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کی مہارت انہیں کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے اہم بناتی ہے۔
ہیرمن نے جنوبی افریقا کی معروف ٹی ٹوئنٹی لیگ SA20 میں پیرل رویالز کی نمائندگی بھی کی، جہاں انہوں نے 21 میچوں میں 559 رنز اسکور کیے، اس کارکردگی نے انہیں فرنچائز کرکٹ میں ایک قابلِ اعتماد بیٹر کے طور پر منوایا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی تک ہوگا اور ہیرمن کی شمولیت سے قلندرز کا بیٹنگ آرڈر مزید مضبوط دکھائی دے رہا ہے، لاہور قلندر کی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، سکندر رضا، ممتاز الرحمٰن اور فخر زمان جیسے نمایاں کھلاڑی بھی شامل ہیں، نئے سیزن میں قلندرز ایک متوازن اور طاقتور کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔