نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن پیارا رمضان میں ایران سے تعلق رکھنے والی علمی شخصیت ڈاکٹر طالبی نیا نے شرکت کی اس پروگرام کے دوران ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی زندگی اور ان کے بعض بیانات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
خانۂ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طالبی نیا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای شہادت سے قبل انتہائی سادہ زندگی گزار رہے تھے اور اپنے اہلخانہ کے ساتھ ایک چھوٹے گھر میں مقیم تھے۔
انہوں نے پروگرام کے دوران بتایا کہ جب انہیں ممکنہ خطرات کے پیش نظر محفوظ مقام یعنی بنکر میں منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا تو انہوں نے وہاں جانے سے انکار کر دیا۔
ڈاکٹر طالبی نیا کے مطابق شہید رہنما نے کہا تھا کہ اگر پوری قوم کے لیے اسی طرح محفوظ مقامات کا بندوبست کیا جا سکتا ہے تو وہ بنکر میں جانے کے لیے تیار ہیں۔
بصورت دیگر وہ کہیں منتقل نہیں ہوں گے ان کا کہنا تھا کہ یہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ خامنہ ای اپنی قوم کے مسائل کو ذاتی تحفظ پر ترجیح دیتے تھے انہوں نے مزید کہا کہ وہ آیت اللہ خامنہ ای کے شاگرد بھی رہے ہیں اور یہ بات ایک تاریخی حقیقت ہے کہ انہیں پاکستان سے بھی محبت تھی۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای ایران کے بعد پاکستان کے لیے بھی احترام اور ہمدردی کے جذبات رکھتے تھے،ڈاکٹر طالبی نیا نے کہا کہ بعض مغربی حلقوں کی جانب سے یہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ سخت سیکیورٹی انتظامات کے باوجود ایک بڑے رہنما کو شہید کیا گیا، تاہم ان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ وہ سادہ طرز زندگی اختیار کیے ہوئے تھے اور انہیں بزدلانہ طریقے سے شہید کیا گیا۔