اٹلی جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے اہم اطلاع سامنے آگئی۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے غیر قانونی ہجرت کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو خبردارکر دیا ۔
اٹلی جانے کے لیے صرف قانونی راستہ اختیارکیا جائے ، غیر قانونی طریقے سے یورپ پہنچنے کی کوشش مستقبل میں سنگین مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔
غیر قانونی امیگریشن کے قوانین میں سختی
بیورو کے مطابق اٹلی میں گزشتہ چند برسوں کے دوران غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے قوانین اور اقدامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔ غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچنے والے افراد کو قانونی کارروائی سمیت مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے 100 زرعی گریجویٹس اٹلی جائیں گے، وزیراعظم کا اعلان
خاص طور پر سمندری راستے سے غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچنے کی کوشش کرنے والے افراد کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ایسے سفر میں انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہونے کے ساتھ ساتھ گرفتاری اور ملک بدری سمیت دیگر قانونی مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔
انسانی اسمگلروں سے ہوشیار رہیں
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پاکستانی شہریوں کو انسانی اسمگلروں اور غیر قانونی ایجنٹوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بیرون ملک روزگار یا بہتر مستقبل کے خواب دکھا کر بعض افراد سے بڑی رقم وصول کی جاتی ہے اور انہیں غیر قانونی راستوں سے یورپ پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ایسے سفر میں مالی نقصان کے علاوہ مسافروں کی جان کو بھی شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
2026 میں بھی پالیسی اقدامات میں سختی
جاری کردہ معلومات کے مطابق اٹلی نے 2026 میں غیر قانونی طور پر ملک پہنچنے والے افراد کی قانونی حیثیت اور واپسی سے متعلق اقدامات کو مزید سخت کرنے کے لیے بعض پالیسی اقدامات کیے ہیں۔
غیر قانونی ہجرت کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے باعث ایسے افراد کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں جو قانونی دستاویزات اور مقررہ امیگریشن طریقہ کار کے بغیر اٹلی پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اٹلی جانے کا مفحفوظ طریقہ کیا ہے ؟
بیورو نے پاکستانی شہریوں پر زور دیا ہے کہ اٹلی جانے کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ ملازمت کی صورت میں باقاعدہ ملازمت کی پیشکش اور متعلقہ ویزا و اجازت ناموں سمیت تمام ضروری شرائط پوری کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں :روزگار کے سلسلہ میں اٹلی جانے کے خوہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر


