پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے با آسانی شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ بابر اعظم 59 گیندوں پر 103 رنز بنا کر نمایاں رہے، جو ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 13ویں اور پی ایس ایل کی چوتھی سنچری تھی۔
بابر اعظم کے علاوہ محمد حارث نے 35، کوشال مینڈس نے 41 اور ایرون ہارڈی نے 20 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3 اور رچرڈ گلیسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 222 رنز کے تعاقب میں 151 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سمیر منہاس 44 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3، سفیان مقیم اور محمد باسط نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
یوں پشاور زلمی پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پہنچ گئی۔ یہ پشاور زلمی کا پانچواں فائنل ہے، اور اس کے ساتھ ہی زلمی پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی سب سے زیادہ مرتبہ ٹیم بن گئی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے میچ ہارنے کے باوجود ایونٹ سے باہر ہونے کا خطرہ نہیں ہے، کیونکہ اس کے پاس ایک اور چانس موجود ہے۔