2026 کی پہلی سہ ماہی میں 2.962 ٹریلین روپے کی ریکوری ہوئی،چیئر مین نیب

2026 کی پہلی سہ ماہی میں 2.962 ٹریلین روپے کی ریکوری ہوئی،چیئر مین نیب

نیب نے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر 2 اعشاریہ 962 ٹریلین روپے کی ریکارڈ ریکوری کی ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33 گنا زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اور سکھر میں 2 اعشاریہ 89 ٹریلین روپے مالیت کی 54 ہزار 387 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروائی گئی اسی طرح لاہور اور ملتان میں 23 اعشاریہ 33 ارب روپے مالیت کی 4 ہزار 34 ایکڑ زمین برآمد کی گئی،چیئر مین نیب نذیر احمد نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف رپورٹ میں شامل اعداد و شمار درست نہیں نیب کی کارکردگی اس سے کہیں بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعلی سندھ اور چیئرمین نیب نے اربوں روپے کی زمین واگزار کرالی

انہوں نے کہا کہ سال2026 کی پہلی سہ ماہی میں نیب نے 2 اعشاریہ 962 ٹریلین روپے کی ریکارڈ ریکوری کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تینتیس گنا زیادہ ہےانہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نیب نے 36 اعشاریہ 54 ارب روپے مالیت کی 51 ہزار 577 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرانے میں کامیابی حاصل کی۔

عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات میں 6 ہزار 475 متاثرین کو مجموعی طور پر 1 اعشاریہ 78 ارب روپے واپس کیے گئے، جبکہ پلی بارگین اور جرمانوں کی مد میں 11 اعشاریہ 085 ارب روپے کی براہِ راست ریکوری کی گئی۔

نیب حکام کے مطابق پنجاب میں 4 اعشاریہ 37 ٹریلین روپے مالیت کی تقریباً 9 لاکھ ایکڑ سرکاری زمین کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ سندھ میں 10 اعشاریہ 96 ٹریلین روپے مالیت کی زمین کی نشاندہی کے بعد ریکوری کے لیے خصوصی ٹاسک فورسز تشکیل دی جا چکی ہیں۔

چیئر مین نیب کا کہنا ہے کہ سرکاری زمینوں کے غلط استعمال کو روک کر قومی اثاثوں کو محفوظ بنایا جا رہا ہے اور ان کی قومی خزانے میں واپسی کا عمل مسلسل جاری ہے۔

editor

Related Articles