خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اس حوالے سے پی ڈی ایم نے خبردار کردیا۔
پی ڈی ایم اےنے اس حوالے سے مراسلہ بھجوادیاہے جس میں تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ جاری کردیاگیاہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی آئی خان،ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے،جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
پی ڈی ایم نے متعلقہ اداروں کو ہیٹ سٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاررہیں،اس کے علاوہ ہسپتالوں میں طبی عملہ اور سہولیات کوبھی فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ کا بھی امکان ہے ، -گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ممکن ہے.
پی ڈی ایم اے نے عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے اور کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور جانوروں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔
متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو گرمی کی لہر سے باخبر رکھنے کی ہدایت کرتے کہا ہے کہ بزرگ اور بچے صبح 10 سے شام پانچ کے اوقات میں براہ راست سورج میں نہ نکلے، ہیلتھ/میڈیکل سروسز، پیرا میڈیکس اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کو الرٹ اور ہیٹ اسٹروک سینٹر کو فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
مراسلہ میں تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کا کہا گیا ہے ،ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہماری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔