انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق بارہویں جماعت کے امتحانات 20 مئی سے جبکہ گیارہویں جماعت کے امتحانات 15 جون سے شروع ہوں گے۔
بورڈ حکام کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں امتحانات کے تمام مضامین اور تاریخوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق بارہویں جماعت کا پہلا پرچہ سائیکالوجی، ہوم اکنامکس اور اپلائیڈ سائنسز کا لیا جائے گا جبکہ گیارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز بھی انہی مضامین سے ہوگا۔
امتحانی شیڈول میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ بورڈ کے مطابق 26 مئی سے 31 مئی تک امتحانات نہیں ہوں گے اور اس دوران طلبہ کو عید کی چھٹیاں دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کا آغاز، 20 سالہ اقساط پر گھر یا پلاٹ خریدنے کی سہولت
ڈیٹ شیٹ کے مطابق انٹر پارٹ ٹو کا آخری پرچہ 12 جون کو مطالعہ پاکستان کا ہوگا جبکہ انٹر پارٹ ون کا آخری پرچہ 8 جولائی کو کمپیوٹر سائنس کا لیا جائے گا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ عملی امتحانات 10 جولائی سے شروع ہو کر 18 اگست تک جاری رہیں گے۔ امتحانات کیلئے امتحانی مراکز نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ شفاف اور منظم امتحانی عمل یقینی بنایا جا سکے۔
طلبہ اور والدین کی جانب سے ڈیٹ شیٹ جاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے امتحانی تیاری کیلئے واضح وقت مل گیا ہے۔ تعلیمی ماہرین نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق اپنی تیاری مکمل کریں اور تعطیلات کو بھی پڑھائی کیلئے مؤثر انداز میں استعمال کریں۔

