ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے ایک بڑی ریلیف کی خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق فی یونٹ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 75 پیسے تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ممکنہ کمی سے عوام کو مجموعی طور پر اربوں روپے کا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ملک کی مختلف بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ اس درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پیداواری لاگت اور دیگر مالی ایڈجسٹمنٹس کے باعث صارفین کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر یہ درخواست منظور ہو جاتی ہے تو صارفین کو مجموعی طور پر 63 ارب 93 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا جس کا براہ راست اثر بجلی کے فی یونٹ نرخوں پر پڑے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ریلیف ملک بھر کے تمام صارفین پر لاگو ہوگا جس سے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
نیپرا کے مطابق اس درخواست پر باقاعدہ سماعت 19 مئی کو ہوگی جس کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران بجلی کی پیداواری لاگت، ترسیلی نقصانات اور دیگر مالی عوامل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اگر بجلی کی قیمت میں یہ کمی منظور ہو جاتی ہے تو مہنگائی کے دباؤ کا شکار عوام کو کچھ حد تک ریلیف ملے گا جبکہ صنعتی شعبے کیلئے بھی پیداواری لاگت میں کمی سے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مہنگائی اور عام صارف کی قوتِ خرید پر پڑتا ہے، اس لیے یہ ممکنہ کمی عوام کیلئے ایک خوش آئند پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔