پاکستان میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سولر انرجی کی طرف شہریوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری اور صنعتی ادارے بھی بجلی کے ماہانہ اخراجات کم کرنے کے لیے سولر سسٹم نصب کروا رہے ہیں۔ سولر پینلز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں ان کی قیمتوں میں بھی فرق دیکھا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق سولر پینلز کی قیمت صرف ایک عنصر پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ پینل کا برانڈ، گریڈ، درآمدی لاگت، ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور مقامی سطح پر طلب و رسد سمیت مختلف عوامل قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک ہی کمپنی کے اے گریڈ سولر پینلز مختلف شہروں میں مختلف نرخوں پر فروخت ہوتے ہیں۔
مارکیٹ میں دستیاب معلومات کے مطابق اسلام آباد میں اے گریڈ اور دستاویزی سولر پینلز کی قیمت تقریباً 40 سے 46 روپے فی واٹ کے درمیان ہے، جبکہ راولپنڈی میں یہی پینلز تقریباً 39 سے 45 روپے فی واٹ میں دستیاب ہیں۔
لاہور اور ملتان میں سولر پینلز کی قیمت 38 سے 44 روپے فی واٹ کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ فیصل آباد میں سولر پینلز کے نرخ تقریباً 39 سے 44 روپے فی واٹ ہیں۔ دوسری جانب کوئٹہ اور پشاور میں اے گریڈ سولر پینلز کی قیمت 40 سے 45 روپے فی واٹ کے درمیان دیکھی جا رہی ہے۔
کراچی میں سولر پینلز نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ یہاں اے گریڈ اور دستاویزی سولر پینلز کی قیمت تقریباً 37 سے 43 روپے فی واٹ بتائی گئی ہے۔ اسی وجہ سے کئی خریدار کم قیمت کے باعث کراچی کی مارکیٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سولر پینل خریدتے وقت صرف کم قیمت کو بنیاد بنانا مناسب نہیں۔ صارفین کو پینل کا گریڈ، برانڈ، اصلیت اور دستاویزات بھی ضرور چیک کرنی چاہئیں۔ غیر معیاری یا غیر دستاویزی پینلز نسبتاً سستے ضرور دستیاب ہوسکتے ہیں، تاہم بعد میں ان کی کارکردگی اور وارنٹی کے حوالے سے مسائل پیدا ہونے کا امکان رہتا ہے۔
صارفین کے لیے بہتر ہے کہ سولر پینلز کی خریداری سے قبل اپنے شہر کے مختلف ڈیلرز سے قیمتیں معلوم کریں اور دستیاب مصنوعات کا موازنہ کریں۔ ہول سیل مارکیٹ میں بعض اوقات پینلز نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہوجاتے ہیں، جبکہ مستند ڈیلرز سے خریداری کی صورت میں اصل مصنوعات اور دستاویزی وارنٹی کی سہولت مل سکتی ہے۔
سولر پینلز کی خریداری کے حوالے سے مختلف شہروں میں بعض مارکیٹیں بھی معروف ہیں۔ کراچی میں صدر، لاہور میں ہال روڈ اور راولپنڈی میں کالج روڈ سولر پینلز کی خریداری کے لیے معروف مارکیٹیں سمجھی جاتی ہیں۔
تاہم مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی ممکن ہے، اس لیے صارفین کو خریداری سے پہلے اپنے متعلقہ شہر میں تازہ ریٹ ضرور معلوم کرنے چاہئیں۔