ٹیکنالوجی کے تیزی سے بدلتے دور میں بچوں کے آن لائن استعمال اور ڈیجیٹل سرگرمیوں پر نظر رکھنا والدین کے لیے اہم ہوتا جا رہا ہے، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مقبول انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے پیرنٹل کنٹرولز کا الگ سیکشن متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اکاؤنٹس سے متعلق نگرانی اور مختلف پابندیوں کو زیادہ آسانی سے ترتیب دے سکیں گے۔
واٹس ایپ کے پیرنٹ-مینجڈ اکاؤنٹس کے ذریعے والدین یا سرپرست یہ طے کر سکتے ہیں کہ بچے سے کون رابطہ کر سکتا ہے اور وہ کن گروپس میں شامل ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ چینلز اور سٹیٹس جیسے بعض فیچرز تک رسائی بھی محدود کی جا سکتی ہے۔
والدین کو اکاؤنٹ کی بعض سرگرمیوں، بشمول نئے رابطوں، بلاک کئے گئے صارفین اور پروفائل میں تبدیلیوں سے متعلق معلومات بھی دستیاب ہوں گی، یہ فیچر پہلے اینڈرائیڈ پر الگ ’پیرنٹل کنٹرولز‘ سیکشن کے ذریعے فراہم کیا گیا تھا۔
اب یہی سیکشن آئی او ایس پر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، واٹس ایپ کے مطابق یہ سہولت ان صارفین کیلئے ہے جو اپنے ملک یا خطے میں ایپ استعمال کرنے کی مقررہ کم از کم عمر سے کم ہوں جبکہ بعض صورتوں میں ایپل بچے کی عمر کی حد براہِ راست شیئر کر سکتا ہے۔