مجتبیٰ خامنہ ای کی سپریم لیڈر بننے کے بعد پہلی ویڈیو جاری

مجتبیٰ خامنہ ای کی سپریم لیڈر بننے کے بعد پہلی ویڈیو جاری

ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کی صحت اور موجودہ مقام سے متعلق جاری قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر نے جاری کی گئی ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے دکھایا ہے۔ ویڈیو میں وہ بظاہر صحت مند دکھائی دیتے ہیں، تاہم فوٹیج پر ریکارڈنگ کی تاریخ درج نہیں ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی یہ واضح نہیں کیا کہ ویڈیو کہاں اور کب ریکارڈ کی گئی تھی یا ملاقات کس مقصد کے لیے ہوئی تھی۔

مجتبیٰ خامنہ ای کو 8 مارچ 2026 کو اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ ان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے وہ عوامی سطح پر نمایاں طور پر سامنے نہیں آئے۔ مارچ میں ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے ان سے منسوب ایک تحریری پیغام نشر کیا تھا، تاہم اس موقع پر بھی ان کی کوئی ویڈیو یا آڈیو سامنے نہیں آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ کے خاتمے کا عندیہ، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ، تیل کی قیمتیں مزید گرنے کی پیشگوئی

مہر کی جانب سے جاری کردہ حالیہ ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای ایک گروپ سے گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم بعض بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں ویڈیو کے وقتِ ریکارڈنگ پر سوالات اٹھائے گئے ہیں اور یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ فوٹیج حالیہ جنگ سے قبل کی ہو سکتی ہے۔ ویڈیو کی آزادانہ طور پر تاریخ اور مقام کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

مجتبیٰ خامنہ ای کی طویل عرصے سے عوامی منظرنامے سے غیر حاضری کے باعث ان کی صحت اور سکیورٹی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔ مارچ میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ان کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے مختلف اوقات میں ان کی صحت کو بہتر قرار دیا گیا۔

حالیہ ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے باوجود ان کے موجودہ مقام اور ویڈیو کی اصل تاریخ سے متعلق سوالات بدستور موجود ہیں۔ ایرانی حکام کی جانب سے اگر ویڈیو کی تاریخ، مقام اور پس منظر کی باضابطہ وضاحت سامنے آتی ہے تو ان قیاس آرائیوں کی مزید وضاحت ہوسکے گی۔

Related Articles