آج پھر بادل برسیں گے، بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا ؟

آج پھر بادل برسیں گے، بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا ؟

صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج  علی الصبح  بادل برس پڑے، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، گرمی کی شدت میں بھی کمی آگئی،  بارشوں کا سلسلہ مزیدکتنے روز جاری رہے گا اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں بارش کے باعث فضا میں ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے جبکہ آسمان گہرے سرمئی بادلوں سے ڈھکا ہوا ہے ، شہر کے مختلف علاقوں  گلبرگ، جیل روڈ، لبرٹی، سی بی ڈی روڈ اور ملحقہ علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی  ، بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم مجموعی طور پر بارش نے موسم کی حدت کم کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ دنوں کے دوران شہر کا درجہ حرارت 28 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے ، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار 5 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مزید بارش کا امکان برقرار ہے اور بارشوں کا موجودہ سلسلہ 13 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بارش برسانے والا سسٹم ملک میں موجود، کہاں کہاں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا موسمی نظام اس وقت ملک میں موجود ہے، جس کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔

 شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک میں دریاؤں کے پانی کے بہاؤ، ڈیموں میں پانی کے ذخیرے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ جاری کرتے ہوئے خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کے خطرے سے خبردار کردیا ہے۔

editor

Related Articles