سستی بجلی لینے والوں کو رجسٹریشن کرانا ہوگی،نیا قانون آگیا

سستی بجلی لینے والوں کو رجسٹریشن کرانا ہوگی،نیا قانون آگیا

وزارتِ توانائی نے بجلی صارفین کیلئے شفافیت بڑھانے اور سبسڈی کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ اہل صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں دی جانے والی سبسڈی کی رقم واضح طور پر درج کی جائے۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب ایسے صارفین جنہیں حکومت کی جانب سے بجلی پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے یعنی جو سستی بجلی لے رہے ہیں ان کے بل پر یہ واضح لکھا ہوگا کہ متعلقہ ماہ میں انہیں کتنی مالی رعایت دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سبسڈی کے نظام میں شفافیت پیدا کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ حکومتی ریلیف صرف اصل حقدار اور کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین تک پہنچے۔

وزارت توانائی نے بتایا کہ بجلی کے بلوں پر ایک خصوصی کیو آر کوڈ بھی پرنٹ کیا جا رہا ہے جسے صارفین کو اسکین کرکے اپنی رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔ اس رجسٹریشن کے ذریعے صارفین کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو سبسڈی کی فراہمی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی بلوں میں کمی کا امکان، سفارشات نیپرا کو پہنچ گئیں، فی یونٹ کتنی کمی ہوگی؟ تفصیلات جانیے

حکام نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد کسی بھی صورت میں سبسڈی ختم کرنا نہیں بلکہ اس کے درست استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ وزارتِ توانائی کے مطابق غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہی نظام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ سہولت واقعی مستحق افراد تک پہنچے۔

بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سبسڈی کے تسلسل کیلئے اپنے بجلی بل پر درج کیو آر کوڈ کے ذریعے جلد رجسٹریشن مکمل کریں۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی صارف کو بل میں غلطی یا دیگر شکایت کا سامنا ہو تو وہ متعلقہ بجلی کمپنی کی ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کر سکتا ہے۔

 اس اقدام سے نہ صرف سبسڈی کے نظام میں شفافیت آئے گی بلکہ بجلی کے شعبے میں مالی نظم و ضبط بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ حکومت کو مستحق صارفین کی درست نشاندہی میں آسانی ہوگی۔

editor

Related Articles