پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کا حکم، وزیر اعلیٰ پنجاب کا سخت مؤقف

پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کا حکم، وزیر اعلیٰ پنجاب کا سخت مؤقف

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیرا فورس میں شفافیت اور نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کی ہدایت جاری کر دی، اس سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں فورس کی کارکردگی، کارروائیوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام اہلکاروں پر باڈی کیمز کی تنصیب کا عمل30جون تک مکمل کیا جائے تاکہ کارروائیوں کی نگرانی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔

اہلکاروں اور افسران کی جانچ پڑتال کا فیصلہ

اجلاس کے دوران مریم نواز نے پیرا فورس کے 4000اہلکاروں اور افسران کی مکمل جانچ پڑتال کا حکم بھی دیا، ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی ساکھ متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ کرپشن، اختیارات کے غلط استعمال یا غیر پیشہ ورانہ طرز عمل برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے اہلکاروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔

مشکوک افسران کی واپسی کی ہدایت

مریم نواز نے ہدایت کی کہ جن افسران کی شہرت مشکوک سمجھی جاتی ہے انہیں فوری طور پر ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی اور عوامی اعتماد کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے پیرا اکیڈمی کی تعمیر اور تکمیل کا عمل ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم بھی جاری کیا تاکہ اہلکاروں کی جدید تربیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈسپلن خلاف ورزیوں پر کارروائی کی تفصیلات

اجلاس میں حکام نے بتایا کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اب تک تیرہ سو چھپن انکوائریاں کی جا چکی ہیں، ان کارروائیوں کے نتیجے میں تین سو چار اہلکاروں کو مختلف سزائیں دی گئیں جبکہ 7اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست بھی کیا گیا۔

پولیس اہلکاروں کو بھی باڈی کیمز دینے کا عمل جاری

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پولیس اہلکاروں کو باڈی کیمز فراہم کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا، حکومتی مؤقف کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام سے بہتر رویہ، شفاف کارروائی اور اختیارات کے غلط استعمال کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔

editor

Related Articles