کراچی میں الفلاح شعبہ تفتیش پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عید سے قبل مارکیٹ میں جعلی کرنسی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران جعلی نوٹ فروخت کرنے والے نیٹ ورک کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق الفلاح انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی بھی برآمد کر لی۔ گرفتار افراد میں ساجد علی شاہانی، صدام حسین جتوئی اور کمیل حمزہ شامل ہیں، جو مبینہ طور پر شہریوں کو اصلی نوٹ ظاہر کرکے دھوکہ دیتے رہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن قیس خان کے مطابق ملزمان انتہائی کم قیمت پر جعلی کرنسی فروخت کرتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ 5 ہزار روپے کا جعلی نوٹ صرف ایک ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا جبکہ ملزمان 30 ہزار روپے کے عوض ایک لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی فراہم کرنے والے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق 5 ہزار روپے والے جعلی نوٹ انتہائی مہارت سے تیار کیے گئے تھے اور ان کے ذریعے عید سے قبل مارکیٹ میں مالی فراڈ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاکہ خریداری کے رش میں شہریوں کو آسانی سے دھوکہ دیا جا سکے۔
ایس پی قیس خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ جعلی کرنسی کے بڑے نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گرفتار دو ملزمان پہلے بھی مختلف جرائم میں ملوث رہ چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے بعد شہر میں جعلی کرنسی کے کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عید سے قبل شہریوں کو مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔