پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سماجی ذرائع ابلاغ پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کا کوئی نیا ڈرامہ یا فلم نہیں بلکہ انسٹاگرام پروفائل میں کی گئی اچانک اورغیر متوقع تبدیلی ہے۔
پاکستان سمیت بیرونِ ملک بھی بے حد مقبول ہانیہ عامر کو سماجی ذرائع ابلاغ پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، وہ نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ اپنی نجی زندگی، دلچسپ ویڈیوز اور منفرد انداز کے باعث بھی اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام پروفائل تصویر تبدیل کرتے ہوئے شناختی کارڈ والی تصویر کو بطور پروفائل پکچر استعمال کر لیا، جس نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی بیشتر پرانی پوسٹس بھی حذف یا آرکائیو کر دیں، جس کے بعد ان کے اکاؤنٹ پر صرف 11 پوسٹس باقی رہ گئی ہیں۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر اداکارہ کے اس منفرد انداز پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آئے۔ کئی مداحوں نے ان کی شناختی کارڈ تصویر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر انداز میں خوبصورت دکھائی دیتی ہیں جبکہ بعض صارفین نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ شاید صرف ہانیہ عامر ہی ایسی شخصیت ہیں جو شناختی کارڈ کی تصویر میں بھی اتنی دلکش لگ سکتی ہیں۔
دوسری جانب کچھ ناقدین نے اس اقدام کو توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا، جبکہ متعدد مداحوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا اداکارہ خیریت سے ہیں یا کسی نئی مہم یا منصوبے کی تیاری کر رہی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے تاحال اس تبدیلی کے حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم سوشل میڈیا پر ان کی نئی پروفائل تصویر اور پوسٹس میں کمی بدستور موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔