آذربائیجان کے وزیر داخلہ کا بنوں میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

آذربائیجان کے وزیر داخلہ کا بنوں میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

آذربائیجان کے وزیر داخلہ کرنل جنرل ولایت ایوازوف نے پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو ایک مراسلے میں بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس بزدلانہ کارروائی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مراسلے میں کرنل ایوازوف نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں حالیہ خودکش حملہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس نے آذربائیجان کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہونے کا عہد کیا۔

آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آذربائیجان ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور عالمی سطح پر اس لعنت کے خلاف کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

محسن نقوی نے آذربائیجان کے وزیر داخلہ کرنل ایوازوف کے ہمدردانہ پیغام کا شکریہ ادا کیا اور برادر ملک کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

آذربائیجانی وزیر داخلہ نے اپنے پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمی ہونے والوں کو جلد اور مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں: اب چلے گا سب پر بلڈوزر! وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مشن شروع

Related Articles