آپ کی تصویر، ہیکرز کا ہتھیار! وکٹری سائن پر چونکا دینے والا انکشاف

آپ کی تصویر، ہیکرز کا ہتھیار! وکٹری سائن پر چونکا دینے والا انکشاف

چین کے ایک سیکیورٹی ماہر نے خبردار کیا ہے کہ تصاویر میں ’وکٹری‘ یا ’ٹو فنگر‘ سائن بنانا مستقبل میں آپ کی بائیو میٹرک سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، خاص طور پر جب تصویر ہائی ریزولوشن میں لی گئی ہو۔

چینی سیکیورٹی ایکسپرٹ لی چینگ نے حال ہی میں ایک ریئلٹی شو کے دوران اس خطرے کی عملی مثال پیش کی۔ انہوں نے ایک معروف سلیبریٹی کی سیلفی استعمال کی، جس میں وہ وکٹری کا نشان بنائے ہوئے تھے، اور دکھایا کہ کس طرح صرف ایک تصویر سے انگلیوں کے نشانات حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :چاند پر 5 اگست کو کیا ہونے جا رہا ہے؟ ماہرین نےحقیقت بتا دی

لی چینگ کے مطابق اگر تصویر تقریباً ڈیڑھ میٹر کے فاصلے سے لی گئی ہو اور انگلیاں واضح طور پر کیمرے کی طرف ہوں تو فنگر پرنٹس نکالنے کے امکانات کافی بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جدید اے آئی ٹیکنالوجی اور فوٹو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر اب اتنے طاقتور ہو چکے ہیں کہ دھندلی یا کم معیار کی تصاویر سے بھی انگلیوں کے نشانات کو بہتر بنا کر واضح کیا جا سکتا ہے۔

سیکیورٹی ماہر نے مزید انکشاف کیا کہ تین میٹر کے فاصلے سے لی گئی تصاویر میں اگر صرف آدھا فنگر پرنٹ بھی نظر آ رہا ہو تو مصنوعی ذہانت کی مدد سے اسے مکمل انداز میں دوبارہ تخلیق کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سورج گرہن کے دوران کششِ ثقل ختم ہونے کی افواہیں، ناسا نے حقیقت بتا دی

پروگرام کے دوران لی چینگ نے لائیو ڈیمو دے کر حاضرین کو حیران کر دیا۔ انہوں نے ایک بظاہر دھندلی تصویر سے فنگر پرنٹس نکالے، پھر اے آئی سافٹ ویئر کی مدد سے انہیں اس قدر واضح کیا کہ وہ اصل اسکین شدہ پرنٹس جیسے دکھائی دینے لگے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹمز، جیسے فنگر پرنٹ لاک، موبائل فون ان لاکنگ اور بعض بینکنگ سروسز میں انگلیوں کے نشانات استعمال ہوتے ہیں، اس لیے ایسی تصاویر غلط ہاتھوں میں جانے کی صورت میں سیکیورٹی خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کرتے وقت احتیاط برتیں، خاص طور پر ایسی تصاویر جن میں انگلیاں یا ہاتھ واضح انداز میں نظر آ رہے ہوں۔

editor

Related Articles