کرسٹیانو رونالڈو ایک شرط پر پرتگال کی جانب سے دوبارہ کھیلنے کیلئے تیار

کرسٹیانو رونالڈو ایک شرط پر پرتگال کی جانب سے دوبارہ کھیلنے کیلئے تیار

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے مستقبل کے حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں  ایک رپورٹ کے مطابق اسٹار فٹبالر اب بھی پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کے خواہش مند ہیں، تاہم ان کی واپسی ایک شرط سے جڑی ہوئی ہے۔

سی این این پرتگال کی رپورٹ کے مطابق  41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اس وقت تک پرتگال کی ٹیم میں واپس نہیں آنا چاہتے جب تک موجودہ ہیڈ کوچ جارج جیسس ٹیم کے کوچ برقرار ہیں ،  یعنی جارج جیسز کے عہدے سے الگ ہونے کی صورت میں رونالڈو کی دوبارہ پرتگال کی شرٹ میں نظر آنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو حال ہی میں پرتگال کے قومی ٹیم کے کیمپ سے باہر ہوگئے تھے ،جس  کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا تھا کہ کیا وہ دوبارہ پرتگال کی شرٹ میں نظر آئیں گے یا نہیں؟ ۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رونالڈو اور کوچ جارج  کے درمیان اختلافات کے بعد صورتحال خراب ہوئی، جس کے نتیجے میں رونالڈو نے ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا۔

کوچ کا بیان 

دوسری جانب گزشتہ روز جارج جیسس نے رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق  سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ  فیصلہ رونالڈو خود کریں گے۔

جارج جیسس کا کہناتھا کہ اگر وہ چاہیں تو قومی ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں،  ہم اگلے کھلاڑیوں کے چناؤ سے پہلے بات چیت کر سکتے ہیں لیکن اصل فیصلہ کرسٹیانو رونالڈو نے ہی کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :رونالڈو پرتگال واپس آئیں گے یا نہیں؟ کوچ نے فیصلہ انہی پر چھوڑ دیا

کوچ کا کہنا تھا کہ، ’میں نے اپنی پہلی کال اپ میں کہا تھا کہ مجھے آپ کی ضرورت ہے، آپ میرے قریب رہیں، چاہے کھیلیں یا نہ کھیلیں اور میں آج بھی یہی کہہ رہا ہوں۔‘

پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر نے کیا کہا؟ 

پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا بھی رونالڈو اور جارج جیسس کے درمیان ہونے والی صورتحال سے واقف ہیں ، رونالڈو کے کیمپ چھوڑنے سے پہلے ان کی کوچ اور کھلاڑی کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی تھی ، انہوں نے  اس معاملے کو ”غلط فہمی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اندرونی طور پر حل کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ  “ہم دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی کی بات کر رہے ہیں، جس نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک پرتگالی فٹبال کو بہت کچھ دیا ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ وہ ہمارے ملک کا فخر ہیں اور اگر وہ فٹ ہیں تو ہمیشہ ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

انہوں نے کہا، ’رونالڈو ہمارے ملک کی علامت ہیں۔ وہ پرتگال کے ایک آئیکون اور غیر معمولی کھلاڑی ہیں۔ وہ ورلڈ کپ کے بعد بھی اپنا بین الاقوامی کیریئر ختم کر سکتے تھے، لیکن انہوں نے قومی ٹیم سے محبت کی وجہ سے ایسا نہیں کیا۔‘

یہ بھی پڑھیں : کیا رونالڈو النصر کو خیرباد کہنے والے ہیں؟ وجہ سامنے آگئی

رونالڈو کی واپسی اب کوچ کے مستقبل سے جڑی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں یہ واضح نہیں کہ جارج جیسس اور رونالڈو کے درمیان اختلاف کس طرح ختم ہوگا اور کیا دونوں آئندہ پھر سے اکٹھے کام کر سکیں گے۔

editor

Related Articles