خیبر پختونخوا میں توانائی بچت کے لیے عائد عارضی پابندیاں ختم، حکومتی نوٹیفکیشن جاری

خیبر پختونخوا میں توانائی بچت کے لیے عائد عارضی پابندیاں ختم، حکومتی نوٹیفکیشن جاری

خیبر پختونخوا حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پانے اور بجلی کے استعمال میں کمی لانے کے لیے پہلے سے نافذ کی گئی عارضی پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات اس حوالے سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے باضابطہ عوامی نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام کاروباری و تجارتی سرگرمیوں پر عائد اوقات کار کی پابندیاں فوری طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔

صوبائی حکومت نے توانائی کے ممکنہ دباؤ اور بجلی کی بچت کے مقصد سے ایک خصوصی انتظامی اقدام کے تحت مارکیٹوں، دکانوں، شاپنگ مراکز اور دیگر تجارتی اداروں کو رات کے مخصوص اوقات میں بند کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

اس کے علاوہ شادی ہالز اور دیگر تقریبات کے مقامات کے لیے بھی وقت کی حد مقرر کی گئی تھی تاکہ بجلی کے غیر ضروری استعمال کو کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت نے دکانوں اور کاروباری مراکز کے نئے اوقات کار جاری کردیئے

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدامات عارضی نوعیت کے تھے اور انہیں توانائی کے نظام پر دباؤ کم کرنے کے لیے نافذ کیا گیا تھا تاہم صورتحال کا جائزہ لینے اور متعلقہ حکام کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان پابندیوں کو ختم کر دیا جائے تاکہ عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

حالیہ مشاورت کے دوران اعلیٰ سطحی رابطے بھی ہوئے، جن میں صوبائی انتظامیہ کو تجویز دی گئی کہ تجارتی سرگرمیوں پر عائد اوقات کار کی پابندیاں ختم کی جائیں، اس تجویز کی روشنی میں وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد تمام متعلقہ ہدایات واپس لے لی گئی ہیں۔

اگرچہ یہ پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، تاہم حکومت نے شہریوں، تاجروں، صنعت کاروں اور سرکاری دفاتر سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کی بچت کے اصولوں پر عمل جاری رکھیں۔

خاص طور پر غیر ضروری روشنیوں کے استعمال سے گریز، ایئرکنڈیشنرز کے محتاط استعمال اور بجلی کے ضیاع سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے۔

editor

Related Articles