حکومت پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تاجروں اور دکان داروں کو ریلیف دیتے ہوئے لاک ڈاؤن کے تحت دکانیں جلدی بند کرنے کا حکم یکم جون تک معطل کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس یکم جون تک رات 8 بجے بند کرنے کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 6 اپریل کو جاری کیے گئے پچھلے نوٹیفکیشن کے تسلسل میں یہ ریلیف دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے بھی شہر میں کاروباری بندش کے حوالے سے استثنیٰ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس اب مقررہ وقت پر بند کرنے کی پابندی سے آزاد ہیں۔
ہوٹلز بیکرز ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے صدر فاروق چوہدری اور کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پرویز بٹ نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا اور اسے تاجروں کے لیے مثبت اقدام قرار دیا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے کیے گئے فیصلے کے تحت توانائی بچت پروگرام کے تحت شاپس رات 8 بجے، جبکہ سبزی، پھل، بیکرز اور ہوٹلز رات 10 بجے تک بند کرنا لازمی تھا۔