امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جلد کسی امن معاہدے تک نہ پہنچا گیا تو ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایک ٹیلیفونک انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ فوری طور پر کسی معاہدے کی طرف بڑھے، ورنہ حالات اس کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں ،موجودہ صورتحال میں تاخیر ایران کے مفاد میں نہیں ہے اور جلد فیصلہ کن پیش رفت ناگزیر ہے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں سابق امریکی انتظامیہ کی جانب سے دوبارہ مذاکرات کی خواہش سے متعلق پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے اصل ارادوں پر اب بھی شدید عدم اعتماد پایا جاتا ہے اور ماضی کے تجربات کی وجہ سے ایران محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا راستہ مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا، لیکن کسی بھی پیش رفت کے لیے اعتماد کی بحالی اور سنجیدہ ضمانتیں ضروری ہیں جب تک فریقین کے درمیان حقیقی سنجیدگی اور احترام کا ماحول پیدا نہیں ہوتا، بامعنی مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے،تازہ بیانات کے بعد ایک بار پھر یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا دونوں ممالک کے درمیان کسی نئے معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے یا نہیں۔