ایران 20 سال کے لئے جوہری پروگرام معطل کرے، ہم ڈیل کے لئے تیار ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

ایران 20 سال کے لئے جوہری پروگرام معطل کرے، ہم ڈیل کے لئے تیار ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے واضح طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔

ائیر فورس ون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ چین نے 200 بوئنگ طیارے خریدنے پر اتفاق کیا ہے اور ممکنہ طور پر یہ تعداد 750 تک جا سکتی ہے۔ اسی طرح چین اربوں ڈالر کی سویابین خریدنے والا ہے، جس سے امریکی کسان خوش ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے کہا کہ انہیں 20 سال کے لیے پروگرام معطل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، اور ایرانی تیل خریدنے والی چینی کمپنیوں پر عائد پابندیاں اٹھانے کے بارے میں بھی جلد فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے پر انہیں چینی صدر کے ساتھ مکمل اتفاق رائے حاصل ہوا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ آبنائے ہرمز کھلا رکھنے کے خواہاں ہیں کیونکہ چین کی 40 فیصد تجارت اسی راستے سے گزرتی ہے۔ انہوں نے دوبارہ کہا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔

تائیوان کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ نے چین کو کوئی یقین دہانی نہیں کروائی، لیکن انہیں نہیں لگتا کہ اس موضوع پر کوئی تنازع پیدا ہوگا۔ امریکی پالیسی میں تائیوان کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ کا آغاز نہیں اپنا دفاع کیا، مذاکرات اس وقت ہی ہو سکتے ہیں جب دوسرا فریق سنجیدہ ہو ، ایرانی وزیرخارجہ

ایران کی عسکری صلاحیتوں پر مبنی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ’’سنگین غداری‘‘ ہے اور ایران کے 80 فیصد میزائل نظام محفوظ رہنے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی فوج، فضائیہ اور قیادت مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور ایران جنگ میں مکمل طور پر ہار چکا ہے۔

ایران سے مذاکرات کے بارے میں سوال پر صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کا پہلا جواب انہیں پسند نہیں آیا، اس لیے وہ اسے مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف دو دن میں ایران کے پاور پلانٹس ختم کیے جا سکتے ہیں، اور ایران کا جوہری مواد چین یا امریکا منتقل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اوباما کے جوہری معاہدے کو معطل کرنے کی بھی وضاحت کی اور کہا کہ اگر یہ اقدام نہ ہوتا تو ایران جوہری ہتھیار بنا چکا ہوتا۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسٹارمر اپنی توانائی اور امیگریشن پالیسی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن وہ ایک اچھے شخص ہیں۔

Related Articles