دنیا بھر میں اربوں افراد روزانہ انٹرنیٹ کو معلومات، تفریح، تعلیم، خریداری اور رابطے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اس مقصد کے لیے سرچ انجنز بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سال 2026 کے تازہ ترین سرچ رجحانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عالمی صارفین کی ترجیحات تیزی سے بدل رہی ہیں اور اب وہ روایتی سرچ سے آگے بڑھ کر جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف زیادہ مائل ہو رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس سال بھی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سائٹس میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
صارفین بڑی تعداد میں موسیقی، تفریحی مواد، تعلیمی ویڈیوز اور خبروں کے لیے اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے رہے جس نے اسے ڈیجیٹل دنیا میں اپنی مضبوط حیثیت برقرار رکھنے میں مدد دی۔
دوسری پوزیشن پر مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ جی پی ٹی رہا، جس نے ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی بڑھتی ہوئی اہمیت کو مزید واضح کیا ہے،تعلیم، تحقیق، مواد کی تیاری اور روزمرہ مسائل کے حل کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے ایسے ٹولز تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی اپنی اہمیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، جہاں فیس بک تیسرے اور انسٹاگرام چوتھے نمبر پر رہے یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ سماجی رابطوں اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے لیے سوشل میڈیا اب بھی دنیا بھر میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
موسمی معلومات جاننے کی طلب میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جس کی وجہ بدلتے ہوئے موسمی حالات اور غیر یقینی موسم قرار دیے جا رہے ہیں، اسی طرح عالمی آن لائن خریداری کے رجحان کے باعث ایمیزون نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض صارفین نے براہ راست گوگل سرچ انجن کو بھی تلاش کیا، جس نے ساتویں نمبر پر جگہ بنائی،اس کے بعد زبانوں کے ترجمے کے لیے گوگل ٹرانسلیٹ اور کاروباری و دفتری رابطوں کے لیے واٹس ایپ ویب بھی ٹاپ سرچ لسٹ میں شامل رہے۔
فہرست کے آخر میں گوگل کا جدید مصنوعی ذہانت ماڈل جیمنائی شامل رہا، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ آنے والے وقت میں مصنوعی ذہانت انٹرنیٹ کے استعمال کے طریقوں کو مزید تبدیل کر سکتی ہے اور ڈیجیٹل دنیا کا مستقبل انہی ٹیکنالوجیز کے گرد گھومتا نظر آتا ہے۔