وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ورلڈ اربن فورم میں شرکت کے لیے تین روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ اپنے وفد کے ہمراہ باکو پہنچیں تو ائیرپورٹ پر آذربائیجان کے ڈپٹی وزیر برائے دفاعی صنعت اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر اور آذربائیجان میں پاکستان کے سفارتی نمائندے بھی موجود تھے۔
مریم نواز شریف اس دورے کے دوران آذربائیجان کی حکومت کی خصوصی مہمان کے طور پر مختلف سرکاری سرگرمیوں میں حصہ لیں گی اپنے قیام کے دوران ان کی ملاقات آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی طے ہے، جس میں باہمی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی توقع ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور خاص طور پراپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو پیش کریں گی۔
اس موقع پر وہ پنجاب کے شہری ترقی اور کم لاگت رہائشی ماڈل پر روشنی ڈالیں گی، جسے عالمی سطح پر ایک قابلِ عمل ماڈل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
ورلڈ لیڈرز سمٹ کے دوران بھی وزیراعلیٰ پنجاب مختلف ممالک کے رہنماؤں سے خطاب کریں گی اور شہری ترقی، ہاؤسنگ اور پائیدار منصوبہ بندی سے متعلق پاکستان کے تجربات شیئر کریں گی۔
دورے میں ان کے ہمراہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، وزیر کھیل فیصل ایوب، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، معاون خصوصی علی ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔
اس نوعیت کے بین الاقوامی فورمز میں شرکت سے نہ صرف پاکستان کی نمائندگی مضبوط ہوتی ہے بلکہ صوبائی سطح پر شروع کیے گئے ترقیاتی ماڈلز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع بھی ملتا ہے۔