ملک میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ رک گیا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملک میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جیولرز کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 900 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 77 ہزار 162 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 772 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 9 ہزار 89 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 26 روپے مہنگی ہونے کے بعد 8 ہزار 99 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں بہتری دیکھی گئی جہاں فی اونس سونا 9 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 548 ڈالر تک جا پہنچا۔
عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور عالمی سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔
صرافہ بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے۔